قرآن میں سورہ المائدہ میں اہل کتاب سے جزیہ لینے کا حکم ہے- یہ ایک مذہبی ٹیکس ہے جو اس مد میں لیا جاتا ہے کہ اسلام میں ان کو اپنے مذھب پر عمل کی آزادی ملے گی اور مسلمان اہل کتاب یہود کے سناگاگ اور نصرانیوں کے چرچ کی حفاظت کریں گے – ان کو مسمار نہ کریں گے – عبادت گاہ میں جانے کا رستہ نہیں روکیں گے اور اہل کتاب اندر عبادت گاہ میں اپنا کفر و شرک جاری رکھ سکتے ہیں ، وہ اپنے دین کو حق پر بتا سکتے ہیں – اس پر کوئی پابندی نہیں ہو گی – مسلمانوں کو ان کی عبادت گاہوں میں داخلے کی اجازت نہیں ہوتی تھی الا یہ کہ ان کو مدعو کیا جائے – اس کی مثال یہ ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کبھی بھی مدینہ کے کسی یہودی سناگاگ میں داخل نہ ہوئے بلکہ سڑک پر جا کر تبلیغ کی – اسی طرح فتح یروشلم پر عمر رضی اللہ عنہ کسی نصرانی کلیسا میں داخل نہ ہوئے حتی کہ وہاں کے نصرانی علماء نے ہی ان کو مدعو کیا – مسلمان اس طرح ان عبادت گاہوں کے محافظ تھے
جزیہ کا حکم اس طرح اہل کتاب کو اپنے دین پر عمل کی اجازت دیتا تھا اور مسلمان دندناتے ہوئے ان کی عبادت گاہوں میں داخل نہیں ہوتے تھے
افسوس کہ یہ سمجھ بوجھ وقت کے ساتھ جا چکی ہے – آجکل مسلمان فرقے قبر پرستی کی اسی لعنت میں پڑے ہوئے ہیں جس میں اہل کتاب مبتلا تھے اور مرض وفات میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا یہی حکم تھا کہ نصرانی و یھودی کی طرح انبیاء سے منسوب مقابر سے دور رہنا ان کو مسجد نہ بنانا
دور نبوی اور اس کے بعد ایک طویل عرصے تک نصرانی چرچ ہمیشہ کسی قبر یا مدفون باقیات
Relics
پر بنایا جاتا تھا – اس طرح مشرق وسطی کے تمام چرچوں میں کیا جاتا تھا اور یہی حال روم میں تھا
یہ سمجھنا کہ آیا صوفیہ کے نیچے کوئی قبر نہیں احمقانہ بات ہو گی کیونکہ یہ ممکن نہیں کہ نصرانی کسی مقام کو چرچ بولیں ہے وہاں کچھ زمین میں دفن نہ ہو – مزید تفصیل راقم کی کتاب مجمع البحرین میں ہے
بنو امیہ کے دور میں الولید بن عبد الملک پہلا خلیفہ ہے جس نے ان مقابر یا چرچوں کو مسجدوں میں تبدیل کیا اور نصرانی راہبوں کو ان کے معبدوں سے بے دخل کیا گیا (مثلا مسجد دمشق جس میں یحیی علیہ السلام کا سر دفن تھا) – اس وقت اصحاب رسول میں سے کوئی حیات نہ تھا جو اس عمل شنیع سے منع کرتا
وقت کے ساتھ شام میں موجود انبیاء کی تمام معلوم قبروں پر مسلمانوں نے قبضہ کر لیا اور ارض مقدس آنے والے یورپی نصرانیوں کو مار بھگایا – اسی وجہ سے صلیبی جنگوں کا آغاز ہوا اور نقطۂ عروج یہاں تک پہنچا کہ نصرانیوں کا مسجد القبلی (جس کو آجکل مسجد الاقصی کہا جاتا ہے ) پر قبضہ ہو گیا
یورپ کے نصرانی اب اس قدر مذہبی نہیں کہ وہ مسلمانوں سے مذہبی مقامات کی وجہ سے جنگ کریں لیکن اپنے مذہبی مقامات یا چرچوں کو حاصل کرنا ان کے بعض مذہبی حلقوں میں ابھی بھی ایک مقبول خواہش ہے
آجکل نصرانی کلیسا آیا صوفیہ کا ذکر چل پڑا ہے جس کو قبل بعثت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم تعمیر کیا گیا اور عثمانی خلفاء نے نصرانیت کو ملغوبیت کا نشان بنانے کے لئے مسجد میں بدلا اور کئی سو سال تک یہ مقام مسجد رہا – وہاں کی نصرانی عوام حکومتی دعوی کو رد کر رہی ہے کہ خلیفہ نے اس چرچ کو خرید لیا تھا یہاں تک کہ ایسٹرن آرتھوڈوکس چرچ نے بھی اس عمل پر تنقید کی ہے – ترکی میں ہی مسلمانوں کا اس پر اختلاف ہو رہا ہے کہ کیا یہ عمل درست ہے یا نہیں ؟ اگر کسی کام میں اختلاف ہو جاۓ تو اللہ کا حکم ہے کہ اس کو اللہ اور اس کے رسول کی طرف لوٹا دو یعنی دیکھو کہ قرآن میں اور سنت نبوی میں کیا حکم دیا گیا ہے
عمر رضی اللہ عنہ کی سنت ہمارے سامنے ہے – آپ رضی اللہ عنہ نے یروشلم میں موجود کلیساوں میں نماز پڑھنے سے انکار کر دیا – جزیہ لینے کے بعد کلیسا کو مسجد بنا دینا تعلیمات نبوی و سنت صحابہ میں معلوم نہیں ہے – اس مسجد آیا صوفیہ میں کی گئی عبادت قبول نہ ہوئی ہو گی کیونکہ کلیسا پر قبضہ کرنا سنت نبوی نہیں لیکن آج اس عمل کو نیکی کی
طرح پیش کیا جا رہا ہے جبکہ یہ بدعت ہے اور بدعت دین میں گمراہی ہے قابل رد ہے
انبیاء نے عصا پکڑ کر خطبہ دیا ہے – موسی علیہ السلام کا عصا بکریاں چرانے کے دور سے اس کے ہاتھ میں تھا – بائبل میں موجود ہے کہ داود علیہ السلام کے والد یسی نے سموئیل نبی کو بتایا کہ داود بکریاں چرا رہا ہے – صحیح بخاری کی حدیث ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم بھی مکہ میں بکریاں چراتے تھے – ریوڑ کو جمع کر کے رکھنا آسان کام نہیں ہے – ریوڑ آگے جاتا ہے چرواہا پیچھے سے ان کو ہانکتا ہے
اسی طرح ایک لیڈر کرتا ہے وہ لوگوں کو صحیح راستہ پر اپنے عصا سے لاتا ہے – عصا مار کر وہ دہشت قائم نہیں کرتا نہ خطبہ میں سنت میں مقرر کردہ عصا کو چھوڑ کر تلوار پکڑ کر قوم کو دھمکاتا ہے
ترکی نے اعلان کیا ہے کہ مسجد آیا صوفیہ میں عیسیٰ اور فرشتوں کی تصویریں برقرار رکھی جائیں گی (ریسٹوریشن پر اقوام متحدہ کی کثیر رقوم لگ چکی ہے ) لہذا عیسیٰ کی تصویر کے نیچے نماز جاری رکھی جائے گی اس طرح سے امدنی حاصل ہوتی رہے گی – اللہ بھی خوش دنیا والے بھی خوش